کولکاتہ،31؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مغر بی بنگال میں اپنے قدم جمانے کے لئے بیتاب و بیقرار بی جے پی ہر طریقہ کا استعمال کررہی ہے۔ یہاں کامیابی کے لئے وہ گورنر جیسے آئینی عہدہ کا استعمال کرنے سے بھی نہیں شرمارہی ہے۔ اسی وجہ ریاست میں برسراقتدار پارٹی ترنمول کانگریس نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر کو فوراً واپس بلایا جائے۔
ٹی ایم سی کی جانب سے 5؍ اراکین پارلیمنٹ کے ذریعے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے لیکن وہ یہاں سےفرقہ وارانہ سیاست کو ہوا دے رہے ہیں، ریاست کے ضروری کاموں میں اڑچنیں پیدا کررہے ہیں اور مسلسل وزارت اعلیٰ کے دفت رسے برسرپیکار ہیں۔ ایسے میں ریاست کے ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں ضروری ہوگیا ہے کہ صدر جمہوریہ انہیں واپس بلوائیں۔
یہ خط سکھیندو شیکھر رائے ، سدیپ بندو پادھیائے ، ڈیریک اوبرائن ، کلیان بنرجی اور کاکولی گھوش نے لکھا ہے۔ ان اراکین پارلیمان نے اپنے خط میں گورنر کے رول کے تعلق سے سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کا حوالہ دیا اور بتایاہے کہ کس طرح گورنر دھنکر ان تمام فیصلوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔